محترم!!!

مجھے حلقہ پٹواری زبردست بیگ آج کل بہت تنگ کر رہا ہے۔ براہ کرم اس کا کچھ سدباب کیا جائے۔ حالانکہ میاں شہباز شریف کے دور حکومت میں سرکاری ملازمین کو دل لگا کر اپنے فرائض سرانجام دینے چاہییں۔ بات صرف اتنی سی ہے کہ میرے پڑوس میں ایک قطعہ زمین کافی عرصہ سے خالی پڑا ہے جس کے بارے میں میں پٹواری سے کئی بار التجا کر چکا ہوں کہ چپکے سے اس کا انتقال میرے نام کر دے۔ اگرچہ اس کی مٹھی گرم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوتا اور کہتا ہے کہ میں کسی کی زمین آپ کے نام کیسے لگا دوں۔ حالانکہ میں نے اسے بہت کہا ہے کہ ساری زمین اللہ کی ہے اور اسے الارض لللہ والا حکم بھی سنا چکا ہوں لیکن اس پر کوئی اثر ہی نہیں ہوتا۔ اسی سے ثابت ہوتا ہے کہ خلق خدا سرکاری ملازمین سے کس حد تک تنگ ہے اور کیسے انہوں نے شریف آدمیوں کا جینا اجیرن کر رکھا ہے۔ حالانکہ میں نے اسے دھمکی بھی لگائی تھی کہ میں اخبار میں اس کے خلاف خط چھپوا کر اس کا مزاج درست کر دوں گا لیکن اس پر ذرا بھی اثر نہیں ہوا۔ ورنہ میں نے تو یہی سن رکھا تھا کہ آج کل میڈیا بہت مضبوط ہوتا جا رہا ہے اور لوگ اس سے پناہ مانگتے ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ پٹواری جیسا معمولی اہلکار میڈیا کو بھی خاطر میں نہیں لا رہا۔ چنانچہ فی الحال اسی خط پر اکتفا کر رہا ہوں اور اگر ایک خط سے مسئلہ حل نہ ہوا تو دوسرا خط بھی تیار کر رکھا ہے۔ آخر کہاں تک سنی ان سنی کرتے رہیں گے۔

 

متوکل خان محلہ عید گاہ، لاہور۔

.Thanks to Mahnama Hasb-e-Haal for this contribution